سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے دس نکاتی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آج جاری کئے گئے پیغام میں سیدعلی گیلانی نے کشمیری عوام سے کہاکہ وہ کسی بھی صورت میں اپنی املاک بشمول جائیداد، مکان، اور دکانیں غیر کشمیریوں کو فروخت نہ کریں اور نہ کرایہ پر دیں۔
انہوں نے تاجروں سے کہاکہ وہ تجارت کے نام پر کسی بھی غیر کشمیری باشندے یا حکومت سے کوئی ایسا معاہدہ نہ کریں جسکے عوض انہیں اپنی املاک فروخت کرنا پڑے۔ سید علی گیلانی نے عوام کو مساجد ، خانقاہوں اور دینی مدارس کی حفاظت کیلئے چوکنا رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت اردو جو کہ ہمارے لئے اسلامی ورثہ کی حیثیت رکھتی ہے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کرے گا اورہمیں اس کی بھرپور حفاظت کرنا چاہیے۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ بھارت تعلیمی اداروں کے ذریعے تاریخ کو ہندوا نے اورمسخ کرنے کا قبیح کام کرے گا لہذا کشمیری عوام اپنی قومی تاریخ کو اپنی نسل تک پہنچانے کا انتظام خود کریں۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کا 135واں روز، برفباری کے باعث مشکلات میں اضافہ