واشنگٹن:امریکا میں پاکستانی سفیر اسدمجیدخان کا کہناہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت خطے کے امن و استحکام کے لیے مسئلہ ہے ،عالمی قوتوں نے نوٹس نہ لیا توجوہری تنازع پیداہوسکتا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کودیے گئے انٹرویومیں پاکستانی سفیر کا کہناتھا کہ کشمیر انسانیت کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کا بھی مسئلہ ہےاورمقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کوایک ماہ ہوگیاہے، صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہےجبکہ لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی ہے اور مواصلاتی نظام بھی تاحال معطل ہے۔
اسدمجید خان کاکہناتھا کہ بھارت ایل او سی پر ممنوعہ ہتھیار استعمال کررہا ہے،جو کشیدگی میں اضافے کا باعث ہے، کنٹرول لائن پربھارت کی بلااشتعال کارروائیاں بڑھ رہی ہیں، پاکستان نے فروری میں بھارت کو جارحیت پر بھرپور جواب دیا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ واپس کیا لیکن مودی نے پاکستان کے جذبہ خیرسگالی پر سرد مہری دکھائی، عالمی طاقتیں 2 ہمسایہ ایٹمی ملکوں میں تنازع کا جائزہ لیں۔