اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع ہیں جبکہ پری فیبریکیٹیڈ ہاؤسنگ مستحق عوام کو سستے گھروں کی فراہمی کا بہترین منصوبہ ہے۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پری فیبریکیٹڈ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ شروع کرنے پر چین کا شکر گزار ہوں۔ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آنا چاہئے اور ہاؤسنگ کے شعبے میں قسمت آزمائی ضرور کرنی چاہئے۔ یہاں آنے والے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا اجلاس: سول ملازمین کے لیے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم سمیت دیگر اہم فیصلے
چینی سفیر ژاؤ جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چینی سفیر نے سی پیک اور سرمایہ کاری کانفرنس میں معاونت فراہم کی ہے۔ کراچی کے 40 فیصد لوگ کچی آبادیوں میں رہائش پر مجبور ہیں۔ فیبریکیٹیڈ ہاؤسنگ منصوبہ چینی کمپنی کی طرف سے سستے داموں میں مناسب گھر کی فراہمی کے لیے بہترین ہے۔
عمران خان نے کہا کہ فیبریکیٹیڈ ہاؤسنگ جلد مکمل ہونے والا منصوبہ ہے جس کا معیار قابل تحسین ہے۔ عوام کم وقت میں گھر حاصل کریں گے جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔ ہم زرعی شعبے کے فروغ کے لیے بھی چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
سرمایہ کاری کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مکمل سہولیات فراہم کریں گے اور حکومت سرمایہ کاروں کے کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔چین ہمارا عظیم ہمسایہ اور دوست ملک ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ چینی ٹیکنالوجی کا پاکستان میں استعمال کرکے چین کے تجربے سے استفادہ حاصل کریں۔ چین نے بے مثال ترقی کی ہے اور پاکستان بھی ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج پاک افغان طور خم بارڈر کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے جس سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزرا افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ افغانستان سے بھی 3 رکنی حکام کا وفد شرکت کرے گا۔ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے باقاعدہ افتتاح کے بعد طور خم سرحد دن کے 24 گھنٹے کھلی رہے گی اور پاکستان سے وسطی ایشیا تک تجارت میں اضافہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان آج پاک افغان طور خم بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے