وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سرکاری دورے پر سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچ گئے ہیں جبکہ 2 روزہ دورے کے دوران سری لنکن قیادت کو صدر اور وزیر اعظم کا پیغام پہنچائیں گے۔
سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا استقبال دوست ملک کے وزارتِ خارجہ حکام نے کیا جن کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری پی سلوراج کر رہے تھے۔
کولمبو ائیرپورٹ پر گزشتہ شب میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت صدر اور وزیر اعظم دونوں پاکستان کے دوست ہیں۔
دو روزہ سرکاری دورے کے شیڈول پر میڈیا نمائندگان کو آگاہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وہ سری لنکا کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران پاک سری لنکا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال ہوگا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور پائیدار تعلقات ہیں جبکہ عالمی منظر نامے پر دونوں ممالک ایک دوسرے کی ہمیشہ حمایت کرتے آئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا میں ہونیوالے صدارتی انتخاب میں اپوزیشن کے امیدوار سابق لیفٹیننٹ کرنل 70 سالہ گوٹابایا راجا پاکسے نے میدان مار لیا جبکہ حکمران جماعت کے امیدوار ساجتھ پریماداسا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گوٹابایا راجا پاکسے 55 فیصد ووٹ حاصل کرکے 19 نومبر کو سری لنکا کے نئے صدر منتخب ہو گئے، گوٹابایا راجا پاکسے سابق صدر مہندا راجا پاکسے کے بھائی ہیں اور انہوں نے اپنے بھائی کے دور حکومت میں 2005 سے 2015 کے درمیان وزارت دفاع کے سیکریٹری کے عہدے پر کام کیا ہے۔
مزید پڑھیں: گوٹابایا راجا پاکسے سری لنکا کے صدربن گئے