کراچی پولیس نے سواری کی آڑ میں منشیات فروخت کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے جس کے قبضے سے ڈیڑھ کلوگرام سے زائد چرس برآمد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ سے سواری کی آڑ میں منشیات فروخت کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مشکوک رکشہ چیک کیا تھا۔
نور مقدم قتل کیس، ظاہر جعفر کی والدہ کی ضمانت منظور
کراچی، ایف آئی اے زدہ معطل ای او بی آئی افسران گھر بیٹھے تنخواہیں لینے لگے
رکشے میں چھپائی گئی ڈیڑھ کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے علاوہ رکشے کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ گرفتار ملزم اکبر کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا گیا۔
گرفتار ملزم اکبر نے ضلع ملیر اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں منشیات فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کو مختلف قسم کی نشہ آور اشیاء پہنچانے کا بھی اعتراف کر لیا جس سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ چرس برآمدگی سے متعلق مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزم کو مزید پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش نیٹ ورک کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے 7 من چرس برآمد ہوئی۔
ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے احکامات پر4 روز قبل سچل پولیس نے منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ ایک وائٹ کرولا کار سے تقریباً 280 کلو گرام (7من) چرس برآمد ہوئی۔
مزید پڑھیں: کراچی، منشیات فروش نیٹ ورک کے 2ملزمان گرفتار، 7من چرس برآمد