لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن فائیو کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔پی ایس ایل فرنچائز مالکان اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان ملاقات میں تمام متعلقہ امور پر اتفاق رائے پایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں چیئرمین پی سی بی نے فرنچائز مالکان کو کھانے کی دعوت دی۔ اس موقعے پر فرنچائز مالکان، پی ایس ایل انتظامیہ اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان پی ایس ایل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے تحفظات کو دور کرنے کے حوالے سے احسان مانی نے کہا کہ ہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے اور بورڈ حکام غیر ملکی کھلاڑیوں کو اس حوالے سے بریفنگ بھی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پی ایس ایل فائیو کےلیے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لے کر آئیں گے اور بورڈ حکام کے ساتھ ساتھ فرنچائز مالکان کے نمائندے بھی سیکیورٹی کے حوالے سے یقین دہانی کروائیں گے۔پی ایس ایل میچز پاکستان میں کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
خودمختار مشیر کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز پر یہ اتفاقِ رائے سامنے آیا کہ کسی مشہور عالمی شخصیت کی مدد سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر آمادہ کیا جائے گا۔
فی الحال لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں پی ایس ایل میچز کروانےپر اتفاق کیا گیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کرائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا کا سیکیورٹی وفد سات اگست کو پاکستان آئے گااور اس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچز کی ایک سیریز بھی جلد کھیلی جائے گی۔