راولپنڈی: آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے اتوار کے روز کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑی 24 سالوں میں اپنے پہلے دورہ پر پاکستان پہنچنے ہیں اور خود کو ”ناقابل یقین حد تک محفوظ” محسوس کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پر مسلح افراد کے حملے کے بعد سے سرفہرست ٹیموں نے پاکستان سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور اب 4 مارچ کو راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ سے شروع ہونے والے آسٹریلیا کے چھ ہفتے کے دورے کے دوران سخت سیکورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔
کمنز نے، ٹیسٹ کپتانی سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر، ایک ورچوئل نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ”میں ناقابل یقین حد تک محفوظ محسوس کررہا ہوں،” انہوں نے کہا کہ پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) نے ہماری بہت اچھی طرح دیکھ بھال کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جہاز سے اتر کر سیدھے ہوٹل پہنچے۔ ہمارا یہاں بہت اچھا سیٹ اپ ہے اور ہم کھیلوں اور ٹریننگ کے علاوہ ہوٹل تک محدود رہیں گے،سیکورٹی اقدامات سے مطمئن ہیں۔
28 سالہ نوجوان کپتان نے اپنے ساتھیوں کے درمیان کسی قسم کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان سب کی توجہ اس دورے پر ہے جس میں تین ٹیسٹ، مساوی تعداد میں ایک روزہ اور واحد ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:آسٹریلین ٹیم کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے 24 سال بعد پاکستان پہنچ گئی