اسلام آباد: نیویارک ٹریول ایڈونچر شو میں پاکستانی کمپنیوں نے ملکی کی سیاحت اور ثقافت کو بہترین انداز میں پیش کرنے پر ’’بیسٹ نیو ایگزیبیٹر ایوارڈ‘‘ جیت لیا ہے۔
نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو کے سی ای او نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا کو ایوارڈ پیش کیا۔
دو روزہ ٹریول ایڈونچر پروگرام جیکب کے جیوٹس کنونشن سینٹر نیویارک میں 28-29 جنوری کو منعقد ہوا۔
اس موقع پر پی ٹی ڈی سی کے ایم ڈی آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ ٹریول اینڈ ایڈونچر شو میں پاکستان کی شرکت عوام کے ردعمل اور شو کے دوران ٹیم کے تمام اراکین کی مصروفیت کے لحاظ سے انتہائی متاثر کن تھی۔
انہوں نے پروگرام کا انعقاد کرنے پر پی ٹی ڈی سی، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی ٹیم کے تعاون کو بھی سراہا۔
ٹریول اینڈ ایڈونچر شو میں پاکستان پویلین کا اہتمام پی ٹی ڈی سی نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے محکمہ سیاحت اور نجی شعبے کے 20 اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے کیا تھا۔
نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2023 اس یقین کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ امریکہ کے ہم منصبوں کے ساتھ پاکستان کی B2B اور G2G ملاقاتیں بین الاقوامی سیاحوں اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کریں گی۔