اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ن لیگ کے تاحیات قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف سے 80 لاکھ پاؤنڈ برآمد کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب سابق وزیر اعظم سے ملک کی لوٹی گئی دولت وطن واپس لانے کیلئے متحرک ہے۔ 8 ملین پاؤنڈ برآمدگی کیلئے کارروائی شروع کرتے ہوئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو نواز شریف کی جائیدادیں فی الفور فروخت کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ رقم ریکور نہ ہونے کی صورت میں سابق وزیر اعظم کے مزید اثاثے تلاش کیے جائیں گے۔ ریکوری کی غرض سے موضع مانک، بدھوکی، سلطان اور شیخوپورہ میں ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف کی اراضی فروخت کردی جائے گی۔
میاں نواز شریف علاج کی غرض سے تاحال لندن میں مقیم ہیں، وفاقی حکومت انہیں وطن واپس لانے کیلئے سفارت کاری میں مصروف نظر آتی ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کیلئے نواز شریف کا اپر مال لاہور پر واقع رہائشی بنگلہ بھی نیلام کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے نواز شریف کی جائیدادیں نیلام کرنے کے نیب فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔ وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ جائیدادیں نیلام کرکے جرمانہ ریکور کیا جائے گا جبکہ یہ قومی خزانے کی لوٹی گئی رقم واپس لانے کیلئے اہم پیشرفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ جادو سے نہیں، نواز شریف کی محنت سے ختم ہوئی۔شہباز شریف