اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں شکور شاد، آفتاب جہانگیر، اکرم چیمہ، عطاء اللہ خان، اسلم خان، فہیم خان اور کیپٹن (ریٹائرڈ ) جمیل احمد خان شامل تھے۔
ممبران نے وزیراعظم کو کراچی شہر کے مسائل اور اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو صحت، روزگار اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے،کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادارک ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت ہر ممکنہ کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ بہت جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ عوام کو درپیش مسائل کے حل پر ہے۔ مہنگائی ، روزگار کی فراہمی جیسے امور پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کی انتھک کاوشوں سے معیشت ترقی کی راہ پر چل نکلی ہے، حماد اظہر