عیدمیلادالنبی ﷺ ملک بھرمیں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد:ملک بھر میں عیدمیلادالنبی ﷺ آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کاآغاز ہوا جبکہ لاہور میں دن کے آغازپر 21 توپوں کی سلامی دی گئی ،محفوظ شہید گریژن میں پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے، توپوں کی سلامی کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مساجد میں نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی وخوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں جلوس و ریلیاں نکالیں گے۔

سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت کے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف مقامات پر بڑی اور چھوٹی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا،کراچی میں مساجد، سرکاری و نجی عمارتوں پر دیدہ زیب چراغاں کیا گیاہے، گھروں، گلیوں اور بازاروں کو خصوصی طور پر جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس نکالے جائیں گے ،عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں راولپنڈی کا مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے شروع ہو گا جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر کریں گے ۔

اسلام آباد میں عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس جی سیون سے شروع ہو گا جو حبیب مارکیٹ، بلیو ایریا، میلوڈی اور آبپارہ سے ہوتا ہوا دربار سخی شاہ پر اختتام پذیر ہوگا ،اس موقع پر اسلام آباد میں بھی عید میلاد النبی کے جلوس کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس بعد نماز ظہر نشترپارک سے برآمد ہوگا جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل بند کردیا گیا ہے۔

Related Posts