کراچی:اورنگی ٹاؤن اور محمود آباد کے نالوں کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے اور متاثرین کی بحالی سے متعلق مقدمات پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’شیم آن سندھ گورنمنٹ‘‘ پورا کراچی گند سے بھرا ہے، گڑ ابل رہے ہیں، تھوڑی سے بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے۔سپریم کورٹ نے نالوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے سے متعلق آپریشن کے متاثرین کی بحالی کے لئے ایک سال کا وقت دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے گجر نالہ تجاوزات آپریشن، اورنگی ٹاؤن اور محمود آباد کے نالوں کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے اور متاثرین کی بحالی سے متعلق مقدمات پر سماعت کی۔
ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین نے عدالت کو بتایا کہ 258 ایکٹر اراضی پر متاثرین کو متبادل زمین مختص کردی ہے جہاں 6 ہزار سے زائد گھر بنائے جائیں گے، سندھ حکومت کے پاس بجٹ کی کمی ہے، بحریہ ٹاؤن واجبات سے رقم ملے گی تو ہم منصوبے پر کام شروع کردیں گے، بحریہ ٹاؤن کے واجبات سندھ حکومت ہی کے ہیں، 60 ارب روپے اگر سپریم کورٹ ریلیز کردے تو ہم کام شروع کر دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور گرانے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست مسترد کردی