کراچی میں 5 سالہ معصوم بچی عائشہ کو آوارہ کتے نے بھنبھوڑ ڈالا جس کے نتیجے میں زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عائشہ نامی 5 سالہ بچی پی ای سی ایچ ایس، بلاک 6 کی رہائشی ہے جسے کتے کے کاٹے کی ریبیز ویکسین دینے کیلئے جناح ہسپتال لایا گیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح ہسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ 5 سالہ بچی عائشہ اپنے گھر سے باہر نکلی جو کھیل رہی تھی اور اسی دوران کتے نے اس پر حملہ کردیا۔
ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ کتے نے عائشہ کے سر اور چہرے پر کاٹا جس کے نتیجے میں بچی زخمی ہوچکی ہے۔ مذکورہ کتے نے 4 مزید افراد کو بھی کاٹ کر زخمی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 سالہ عائشہ جناح ہسپتال کے ہنگامی شعبے میں زیرِ علاج ہے جس کی ایمیونائزیشن کر دی گئی۔ بچی کو جلد این آئی سی ایچ ہسپتال منتقل کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں آوارہ کتوں کی بہتات سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔خوف کے باعث شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا۔
سیکٹر جی 13 میں جگہ جگہ آوارہ کتوں کی بھرمار ہے، جس سے شہری اور خاص کر اسکول جانے والے بچے خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔کتوں کے کاٹنے کے سبب متعدد شہری زخمی ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: سیکٹر جی 13 میں آوارہ کتوں کی بہتات، سی ڈی اے کی بے حسی برقرار