امن عمل مذاکرات کے سلسلے میں افغان طالبان کا وفد آج اسلام آباد پہنچے گا جبکہ ترجمان سہیل شاہین کے مطابق وفد کی سربراہی سینئر رہنما ملا محمد برادر کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ طالبان کا اعلیٰ سطح کا وفد آج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہا ہے جبکہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد گزشتہ روز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کاچین کے 70ویں قومی دن پرچینی عوام کومبارکباد
افغان طالبان کے رہنما پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء، قیامِ امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے جبکہ سہیل شاہین کے مطابق طالبان کو اس دورے کے لیے سرکاری طور پر دعوت دی گئی تھی۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کے سلسلے میں طالبان نے اس سے قبل 3 ممالک کا دورہ کیا جن میں روس، چین اور ایران شامل ہیں جبکہ خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے افغان طالبان کا موجودہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد پاکستانی حکام سے خصوصی ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ چین سے آنے والا 5 رکنی وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقرر کردہ نمائندۂ خصوصی زلمے خلیل زاد گزشتہ روز خصوصی فلائٹ کے ذریعے چین سے پاکستان پہنچے۔ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور افغانستان میں امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے زلمے خلیل زاد نمائندگی کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور اس دوران متعدد بار افغانستان اور پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکی نمائندۂ خصوصی زلمے خلیل زاد سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے