محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد میں آج موسمِ سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب ہی بوندا باندی شروع ہوگئی۔
پیشگوئی کے مطابق بارش کے بعد روشنیوں کے شہر کراچی میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ بلوچستان کے راستے سے ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن پر ٹڈی دل نے دھاوا بول دیا، کروڑوں کا نقصان
ملک میں داخل ہونے والے سسٹم کے نتیجے میں اندرونِ سندھ کے مختلف اضلاع کے ساتھ ساتھ شہرِ قائد میں بھی آ ج بارش کا امکان ہے جبکہ بارش کے 48 گھنٹے کے بعد سرد ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے دو روز بعد چلنے والی سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوگی اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ کراچی کے شہریوں کو گرم کپڑوں کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 30ڈگری تک جانے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کی نوید سنا ئی تھی۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی میں 14 اور 15 نومبر کی رات ہلکی بارش کی پیش گوئی کی۔
محکمہ موسمیات نے 3 روز قبل بتایا کہ ہلکی بارش کا سلسلہ16 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔سردارسرفراز نے بتایاکہ بارش کا سسٹم آئندہ 24گھنٹوں میں ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگا تاہم اس دوران موسم خشک رہے گا۔
مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کردی