وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ دُنیا کو منہ زور آر ایس ایس نظرئیے کے تحت بھارتی مسلموں کے ممکنہ قتلِ عام سے قبل بیدار ہو کر صورتحال کا نوٹس لینا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ شب اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں کا بھارت میں ایسا قتلِ عام ممکن ہے کہ تاریخِ انسانی میں قتلِ عام کے دیگر واقعات ہیچ دکھائی دینے لگیں، اقوامِ عالم نوٹس لیں۔
مغربی تاریخ سے مثال دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہٹلر کی خاکی وردی ہو یا آر ایس ایس، جب بھی مسلح گروہوں کو (مسلمانوں سمیت) کسی بھی قوم کے خلاف ناجائز نفرت پر بھڑکایا گیا، اس کا نتیجہ قتلِ عام نکلا۔
بین الاقوامی برادری بیدار ہو جائے قبل اسکے کہ بے لگام RSS مسلمانوں کےخون سےایسی ہولی کھیلےکہ تاریخ انسانی میں قتل عام کے دیگر واقعات ہیچ دکھائی دینے لگیں۔ ہٹلر کی خاکی وردی ہو یا RSS، جب بھی مسلح جتھوں کا خمیر کسی قوم کیخلاف بےجا نفرت سے اٹھایا گیا،حالات قتل عام ہی پر منتج ہوئے۔ https://t.co/5NAXEBX2vX
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 26, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہرگ ہے، اسے پاکستان سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے دو روز قبل جاری یومِ قائد پیغام کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم جاری ہے جبکہ بھارت میں مسلمان اقلیت کو بد ترین امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: قائد اعظم سے عہد کا اعادہ کرتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان