آئی سی سی ورلڈکپ 2023ء کے 21 ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔
دھرم شالا میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے بھارت کو 274 رنز کا ہدف دیا گیا تھا، جو میزبان ٹیم نے 48 ویں اوور کی چوتھی گیند پر پورا کرلیا۔
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ کپتان روہیت شرما 46 اور شریاس ائیر نے 33 رنز بنائے جبکہ کے ایل راہول 27 اور شبمن گل 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رویندرا جڈیجا 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سوریا کمار یادیو صرف 2 رنز بنا سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فیرگوسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہینری اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل نے 130 رنز بنائے، ڈیرل مچل کی اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
محمد شامی کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر چلی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس شکست کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئی۔