لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچا موتھو ایلنگووا نکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ،جس میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے کے سماجی وانفراسٹرکچر کے شعبوں کی بہتری کیلئے جاری پروگرام اور مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں زراعت، لائیوسٹاک،خوراک،تعلیم، سیاحت، اربن ڈویلپمنٹ اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں فیصلہ کیاگیا کہ عالمی بینک کے تعاون سے جاری سمارٹ پروگرام کی ری سٹرکچرنگ کی جائے گی اورسمارٹ پروگرام کو31دسمبر تک ری سٹرکچر کرلیا جائے گا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پنجاب سٹیز پروگرام اورپنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے گی اورعالمی بینک کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے عملدرآمد کیلئے ضروری امور جلد نمٹائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے عالمی بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک پنجاب حکومت کا ایک مضبوط پارٹنر ہے اورسماجی و انفراسٹرکچرکے شعبوں کی ترقی کیلئے عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے۔
ہم عالمی بینک کی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں اورمستقبل میں بھی عالمی بینک سے بہترین کو آرڈینیشن کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے اورصوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے عالمی بینک کے منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے دوسری قسط کی منظوری، آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس کل واشنگٹن میں ہوگا