اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا بیان سامنے آیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف انتخابات سے قبل وطن واپس آئیں گے۔
رانا ثناء اللہ کا پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عام انتخابات سے ساٹھ سے نوے روز قبل میاں صاحب واپس آئیں گے،انہوں نے کہا کہ واپسی کی تاریخ میاں صاحب نے دینی ہے، کوئی اور تاریخ نہیں دے سکتا، انتخابات میں پارٹی کو لیڈ کرنے کی درخواست میاں صاحب نے قبول کر لی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کوئی سیاسی انجینئرنگ نہیں ہو رہی جو یہ کہہ رہا ہے جھوٹ کہہ رہا ہے، 2018 میں جو ہوا وہ اب ہو رہا ہے تو انہیں کیوں اعتراض ہے، جو لوگ 2018 میں ایک جگہ اکٹھے ہوئے وہ اب کسی اور جگہ اکٹھے ہو رہے ہیں تو کیا پریشانی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عام انتخابات میں سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، اگر ن لیگ کو اکثریت ملی تو وزیر اعظم وہ بنے گا جسے نواز شریف چاہیں گے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان رہا ہوتے ہی پھر گرفتار
انہوں نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے، آپشن ہمیں اوپن رکھنی چاہئے،میری ذاتی رائے ہے کہ ن لیگ کو کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرنا چاہیے۔