گندم کابحران پیدا ہونے سے پہلے روکاجائے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان گندم کے اجراء کے معاملے پر کشیدگی مزید بڑھ رہی ہے۔وفاق کا کہنا ہے کہ پنجاب اور کے پی میں سبسڈائزڈ آٹا فراہم کررہےہیں۔

پنجاب میں 20 کلو کا تھیلا 1100 ، کراچی کے عوام 1500 روپے تک خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ 70 فیصد گندم پیدا کرنےوالا پنجاب گندم ریلیز کررہاہے تو وہاں آٹا کیوں نہیں مل رہا؟۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی کاکہنا ہے کہ وفاق کے کہنے پر باقی صوبوں نے گندم ریلیز کر دی ہے جبکہ سندھ حکومت نے وفاق کے خط کے باوجود تاحال گندم ریلیز نہیں کی،سندھ حکومت کی جانب سے بروقت گندم ریلیز نہ کرنے کے باعث سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

سندھ میں ہرسال گندم کا بحران معمول بنتا جارہا ہے ، گزشتہ سال بھی گندم کے اجراء میں تاخیر کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔سندھ حکومت ستمبر اور اکتوبر میں گندم فراہم کرتی ہے اس لیے مل مالکان کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنا پڑتی ہے اور سرکاری گندم کے اجراءمیں تاخیر کی وجہ سے ذخیر ہ اندوز اور منافع خور مارکیٹ میں مہنگے داموں گندم فروخت کرکے قیمتوں میں اضاضے کا سبب بنتے ہیں۔

ایک طرف وزیرخوراک سندھ خود اعتراف کرچکے ہیں کہ گندم ریلیز کرنے سے آٹے کی قیمتوں میں آتی ہےتو یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب جلدی ریلیز سے قیمتوں میں کمی آتی ہے توسندھ حکومت کیلئے ہرسال گندم 15اکتوبر کو ہی ریلیز کرنا کیوں ضروری ہے؟۔سندھ میں گندم سب سے پہلے تیار ہوتی ہے لیکن ریلیز سب سے آخر میں ہوتی ہے اورآخر میں گندم ریلیز ہونے کی وجہ سے قیمتیں بڑھتی ہیں۔پنجاب میں آٹے کی قیمت 58سے 59روپے اور سندھ 73سے75 تک پہنچ چکی ہے۔

29اعشاریہ 4 ملین ٹن گندم ملک کی ضرورت ہے ، 19 بلین ٹن گندم باہر سے منگوانی پڑتی ہے ہر سال تقریباً 1اعشاریہ 5ملین ٹن گندم وفاقی ادارہ ’’پاسکو‘‘خریدتا ہے جبکہ 3سے 4ملین ٹن گندم پنجاب کا محکمہ خوراک خریدتا ہے تاکہ مصنوعی ذخیرہ اندوزی یا اسمگلنگ کے ذریعے ملک میں غذائی بحران کی کیفیت پیدا نہ ہونے پائے۔

اہم بات تو یہ ہے کہ جہاں ملک میں گندم کے بحران کا سامنا ہوتا ہے وہیں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ معاملے کو مزید الجھا دیتا ہے۔گندم درآمد کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے اور ملک میں بحران سے بچاؤ کیلئے اگر وفاق گندم درآمد کرتا ہے تو اس میں مضائقہ کیا ہے اور اگر گندم موجود ہے تو کیوں وقت پر جاری کرکے بحران پیدا ہونے سے نہیں روکا جاتا۔

سندھ اور وفاق کے تنازعہ میں نقصان صرف عوام کا ہوتا ہے کیونکہ آٹا مہنگا ہونے سے غریب آدمی متاثر ہوتا ہے اس لئے پالیسیوں پر نظر ثانی کی جائے اور بحران کو پیدا ہونے سے پہلے روکا جائے۔

Related Posts