پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو بھی مندی کا رجحان برقرار رہا اور مسلسل دوسرے کاروباری روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 2 ہزار 690 پوائنٹس یا 1.54 فیصد تنزلی کے بعد 171 ہزار 739.44 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
تجارتی سرگرمیوں کے دوران مارکیٹ کے بیشتر بڑے شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا۔ کمرشل بینک، کھاد تیار کرنے والی کمپنیاں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والے ادارے، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں اور ریفائنریز سمیت مختلف شعبوں کے حصص فروخت کی زد میں رہے۔
گزشتہ روز قبل بدھ کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید دباؤ کا شکار رہی تھی۔ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا جس کے باعث انہوں نے بلیو چپ اور سائیکلیکل شیئرز میں سرمایہ کاری کم کر دی۔
بدھ کے روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 703.64 پوائنٹس یا 0.97 فیصد کمی کے بعد 174 ہزار 429.93 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








