جعلی ووٹوں سے منتخب ہونے والے عمران خان کو ہم نے آئینی طریقے سے گھر بھیجا، مریم نواز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عمران خان آئی ایم ایف کے ہاتھوں پاکستان کو گروی رکھ کر گیا،مریم نواز
عمران خان آئی ایم ایف کے ہاتھوں پاکستان کو گروی رکھ کر گیا،مریم نواز

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جعلی ووٹوں سے آئے لیکن ہم نے تو پھر بھی آئینی طریقے سے گھر بھیجا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال کی بربادی کی ذمہ داری 4 ہفتے کی نئی حکومت پر ڈالی جارہی ہے، انہیں 4 ہفتے میں مہنگائی نظر آنا شروع ہو گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے اطراف کے لوگ چور ہیں، عمران خان وزیر اعظم رہے وہ 4 سال کا حساب دیں یہ چار سال کی کارکردگی پر 4 سیکنڈ بات نہیں کرتے۔ اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو مجھے سزا دیں لیکن نیب آج تک ثبوت پیش نہ کر سکا جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی استدعا کی گئی تھی اور اپیل کو شروع ہوئے ایک سال ہونے کو ہے لیکن نیب اسے طویل کر رہا ہے۔

مریم نواز نے کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت میں کہا جا رہا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہیے لیکن اب نیب کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ کبھی نیب کو کورونا ہو جاتا ہے لیکن اصل میں ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں کیونکہ اگر ثبوت ہوتا تو 10 ماہ میں وہ عدالت میں پیش کرتے اور آج بھی سماعت میں وکیل نہیں آئے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جسٹس اطہر من اللہ سے درخواست ہے اگر نیب کے پاس ثبوت ہیں تو سزا دیں لیکن کسی کو اجازت نہیں دوں گی کہ اس طرح مریم بنام اسٹیٹ کی آوازیں لگیں۔ شواہد پیش کرنے کی بات آتی ہے تو نیب پتلی گلی سے نکل جاتی ہے۔ نیب کیس کو جان بوجھ کو لٹکا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صحت کا شعبہ نرسنگ میں ترقی کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ قادر پٹیل

انہوں نے کہا کہ اگر اپ کے پاس میرے خلاف ثبوت نہیں تو عدلیہ نیب کی اس زیادتی کا نوٹس لے اور اگر نیب کے پاس ثبوت ہیں تو عدالت میں پیش کریں۔ نیب اگر ثبوت نہیں لاسکا تو اسے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی شکل میں پاکستان کے خلاف سازش ہوئی۔ جتنی عمران خان نے پاکستان کے خلاف سازش کی اتنی تو پوری دنیا کے ممالک بھی نہیں کر سکتے۔ ان کی کارکردگی نہیں ہے اس لیے خط اور سازش کی ضرورت پڑتی ہے۔ جس شخص نے دوست ممالک کو دشمنی میں دھکیل دیا وہ تو ملک کے لیے خطرناک ہی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی ہی لائی ہوئی مہنگائی کے خلاف پریس کانفرنس کر رہے ہیں اور اب ڈالر پر بات کرتے ہیں، پہلے 189 پر ڈالر کا جواب تو دیں۔ لوگ جانتے ہیں مہنگائی آپ کی وجہ سے ہے اور جب کسی اناڑی کو لاکر بٹھایا جاتا ہے تو وہ یہی کرے گا۔ عمران خان نے جاتے جاتے پاکستان کے دیگر ممالک کے تعلقات کو آگ لگائی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ مہنگائی کا چورن اب نہیں بکے گا جبکہ ن اور ش ایک ہی جماعت ہے۔ بد ترین انتقام کے باوجود ن اور ش ایک ہیں، ش بھی ن ہے۔ عمران خان کو آئینی طریقے سے گھر بھیجا ہے اور مخلوط حکومت مختصر وقت میں فیصلے نہیں کر سکتی تاہم جاری حالات سے نمٹنے کے لیے الیکشن واحد حل ہے۔ عمران خان جعلی ووٹوں سے آئے لیکن ہم نے تو پھر بھی آئینی طریقے سے گھر بھیجا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے کہتی ہوں نواز شریف کو دو تہائی اکثریت دیں اور اگر فوج کہتی ہے وہ آئینی حدود میں رہ کر کام کرے گی تو یہ خوش آئند بات ہے۔ پاک فوج کے سربراہ محترم ہیں اور کسی بےداغ شخصیت کو پاک افواج کا سربراہ بنانا چاہیے۔

Related Posts