بھارت نے شیڈول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آج دریاؤں میں بھاری مقدار میں پانی چھوڑ دیا ہے جس سے دریائے ستلج اور دریائے سندھ سمیت پاکستان کے دیگر دریا بھی متاثر ہوں گے اور ملک کے مختلف شہروں میں سیلاب آسکتا ہے۔
پنجاب کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بھارت نے آبی اشتعال انگیزی سے دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے علاقے سے ایک لاکھ 50ہزار سے ایک لاکھ 75 ہزار کیوسک کا ریلا گزرے گا۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق ریلا آج صبح 11 بجے تک ہیڈ گنڈا سنگھ والا تک پہنچ جائے گا جس سے دریائے ستلج میں طغیانی اور سیلاب کا خطرہ ہے۔
گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق بھارت نے لداخ ڈیم کے تین اسپل ویز بھی کھول دئیے ہیں جس کا پانی خرمنگ کے علاقے میں دریائے سندھ میں شامل ہوگا۔
دریائے ستلج کے راستے ہیڈ گنڈا سنگھ آنے والا پانی اگلے چوبیس گھنٹے کے بعد کسی بھی وقت بہاولنگر میں داخل ہوسکتا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ڈیڑھ سے دو لاکھ کیوسک پانی پاکستانی حدود میں داخل ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے ضلع قصور اور نواحی اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق انتظامیہ کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یادرہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے دو بزرگ پاکستانی شہری شہید ہو گئے جبکہ پاک فوج کی مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی سے دو بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
مزیدپڑھیئے: پشاور سمیت خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے