راتوں کو بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک نے عوام کی نیندیں اڑادیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Unannounced loadshedding continues in Karachi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی : کے الیکٹرک نے راتوں کو بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔عوام کی نیندیں حرام ہو گئیں، شہریوں نے  کے الیکٹرک کے خلاف شدید احتجاج  کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں  لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا، ملیر، شادمان ٹاؤن، محمود آباد، اعظم ٹاؤن، منظور کالونی، اعظم بستی، کورنگی، لانڈھی، بلدیہ ٹاؤن اور شاہ فیصل کے علاقوں میں 6، 6گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے شدید گرمی میں عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں۔

گزشتہ شب مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔رات کو 1بجے سے شروع ہونیوالا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ صبح 5 بجے تک جاری رہتا ہے۔فلیٹس اور چھوٹے گھروں کے مکین روز گلیوں اور فٹ پاتھوں پر راتیں گزارنے پر مجبور ہو گئے۔

عوام کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے کاپر وائر اتار کر شہر پر بڑا ظلم ڈھایا ۔ کے الیکٹرک کے کیبلز بجلی کا لوڈ برداشت نہیں کرسکتے اس لئے ہر روز ٹرپنگ اور خرابیوں کی وجہ سے گھروں میں برقی آلات تباہ ہورہے ہیں۔

شہرِ قائد میں گرمی بڑھنے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی بڑھتا جارہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ابھی تو گرمی شروع ہونے پر لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کیا گیا جبکہ اگلے مہینے گرمی کی شدت بڑھنے پر شہر میں مزید لوڈشیڈنگ ہوسکتی ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک ایک بے لگام ہاتھی بن کر کراچی کے شہریوں پر ظلم ڈھارہا ہے لیکن کوئی ادارہ اس عفریت کو قابو کرنے کو تیار نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک نے کورونا کے پھیلاؤ کا ٹھیکہ لے لیا

شہریوں  کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے الیکٹرک کی من مانیوں  کا نوٹس لیکر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے ساتھ ساتھ کاپر وائر کا مسئلہ بھی حل کروائے۔

Related Posts