اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے گرمی کے ساتھ شہریوں پر دہرا عذاب مسلط کردیا ہے۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ پہلے کورونا کی وجہ سے کاروبار بند تھے اب لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں گرمی کی شدت کے ساتھ بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا، جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر لوڈشیڈنگ کا عذاب شہریوں پر نازل کردیا گیا ہے۔ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہر اقتدار کے شہریوں کا جینا محال کر دیا جبکہ حکومت کی جانب سے پورے ملک میں بجلی کی پیداوار پوری ہونے کے باعث لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے الیکٹرک سٹی سے چلنے والی اشیاء جل کر خراب ہو رہی ہیں۔ آئیسکو کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ شاٹ فال میں اضافے کی وجہ سے کی جارہی ہے۔
شہر اقتدار کے مکینوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے، بجلی سے چلنے والے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے اکثر اسکولوں میں وقت سے پہلے ہی چھٹی دے دی گئی۔ اسلام اباد کے تمام علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ بعض علاقوں میں ہر آدھے گھنٹے کے بعد بجلی بند کردی جاتی ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی دارالحکومت میں ڈیلی ویجز اساتذہ کا اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ