لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بریگزٹ یعنی یور پ سے علیحدگی معاہدے پرپارلیمنٹ کی منظوری حاصل کرنےمیں کامیاب ہوگئے۔
برطانوی پارلیمنٹ میں 358 قانون سازوں نے معاہدے کی حمایت جبکہ 234 نے مخالفت میں ووٹ دیے، جو پارلیمنٹ میں بورس جانسن کی اکثریت کی نشاندہی کرتا ہے۔
کرسمس سے قبل بریگزٹ ووٹ حاصل کرنا بورس جانسن کا یہ ظاہر کرنے کا مقصد تھا کہ اب وہ اپوزیشن کے قانون سازوں کی مسلسل تنقید کے باوجود بریگزٹ کو آگے بڑھانے کے لیے آزاد ہیں اس کے برعکس ان سے قبل سابق وزیراعظم تھریسا مے کو اس حوالے سے ناکامی پر عہدے سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔
بریگزٹ معاہدے سے قبل بورس جانسن نے پارلیمنٹ سے کہا کہ یہی وہ وقت ہے کہ جب ہم آگے بڑھیں اور ’ چھوڑیں ‘یا ’ رہیں ‘ کے پرانے لیبلز کو ختم کریں، اب ایک متحد قوم ، ایک برطانیہ کی طرح ایک ساتھ مل کر کام کرنے کا وقت آگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کے لیے بڑی مشکل، ایوانِ نمائندگان نے مواخذے کی قرارداد منظور کر لی