غزہ/یروشلم: فلسطینی حکام نے بتایا کہ علاقے میں شدید لڑائی کے دوران الشفا اسپتال میں ایندھن ختم ہونے کے باعث دو نوزائیدہ بچے جاں بحق اور درجنوں کی حالت خطرے میں ہے۔
انسانی صورت حال مزید خراب ہونے پر غزہ کی سرحدی اتھارٹی نے کہا کہ مصر میں رفح کراسنگ جمعہ کو بند ہونے کے بعد اتوار کو غیر ملکی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے دوبارہ کھل جائے گی۔
حماس نے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں 160 سے زیادہ اسرائیلی فوجی اہداف کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کردیا ہے، جن میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں 25 سے زیادہ گاڑیاں بھی تباہ کردی گئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حماس شمالی غزہ کا کنٹرول کھو چکی ہے۔
ہفتے کے روز دیر گئے ایک نیوز کانفرنس میں اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ میں مزید پانچ اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جب سے وہاں زمینی کارروائی شروع ہوئی ہے تب سے 46 ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کے تین بڑے ٹی وی نیوز چینلز نے نام بتائے بغیر کہا کہ غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی جانب کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔
عرب اور اسلامی سربراہان کا غزہ کا محاصرہ ختم، اسرائیل کو ہتھیار فراہمی روکنے کا مطالبہ
نیتن یاہو نے کہا کہ جب ہمارے پاس کچھ کہنے کے لئے ٹھوس ہوگا تو ہم خاندانوں کو اپ ڈیٹ کریں گے اور اسے حکومت تک پہنچائیں گے۔ ’’اس وقت تک خاموشی بہتر رہے گی۔‘‘