اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جنرل عاصم کی بطورِ آرمی چیف تقرری کے بعد حالات میں 50 فیصد بہتری آئی ہے ، امید ہے کہ مستقبل کے قریب حالات مزید بہتر ہونگے۔
گزشتہ رات نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات میں 50 فیصد بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ہم نے سوچا ہی نہیں تھا، ہم تو اعتماد کے ووٹ کی بات کر رہے تھے جس کے لیے آج بھی پُرامید ہیں، کچھ ارکان کا انتظار ہے پھر صدر مملکت عارف علوی سے درخواست کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر ہمارے ڈی نوٹیفائی ارکان کی تعداد 81 ہوگئی، تمام حلقوں پر عمران خان لڑیں گے یہ ابھی فیصلہ نہیں ہوا، دیکھتے ہیں سپریم کورٹ استعفوں سے متعلق کیا فیصلہ دیتی ہے، ایوان میں ہمارے 41 لوگ رہ گئے۔
اعظم خان متفقہ طور پر خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ نامزد
انہوں نے کہا کہ ہم تو اسمبلی جا کر تھک گئے روزانہ کہتے ہیں استعفے منظور کریں، ارکان بار بار اسمبلی جا کر استعفے منظو کرانے کی بات کرتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، یہ لوگ عمران خان کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنا چاہتے ہیں، آج عمران خان کے ساتھ 60 فیصد لوگ کھڑے ہیں۔