اسلام آباد: مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملک میں موبائل فونز کی درآمد میں 68 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان بیورو شماریات نے درآمدات، برآمدات اور تجارت سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ایل این جی، موبائل فونز، کی درآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سویا بین اور پام آئل کی درآمد میں اضافہ ہوا۔
ایل این جی کی درآمدات کا حجم 2.551 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17 فیصد کم ہے۔ فروری میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 358 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 15 فیصد زیادہ ہے۔
پہلے 8 ماہ میں یو اے ای سے ترسیلات زر میں 15 فیصد کی کمی ریکارڈ
جولائی تا فروری موبائل فونز کی درآمدات پر448 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 68 فیصد کم ہے۔ فروری میں موبائل فونز کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 77 فیصد کمی ہوئی ہے۔ فروری میں موبائل فون کی درآمدات پر 33 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 142 ملین ڈالر تھا۔