اسلام آباد: بینک دولت پاکستان نے میسرز رائل انٹرنیشنل ایکس چینج کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اجازت نامے کو اسٹیٹ بینک کے قواعد اور ضوابط کی خلاف ورزی پر تاحکم ثانی فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
مذکورہ ایکس چینج کمپنی کے صدر دفتر، برانچوں، فرنچائزز اور ادائیگی بوتھس کو معطلی کی مدت کے دوران کسی بھی قسم کی کاروباری سرگرمی انجام دینے سے روک دیا گیا ہے۔
دوسری جا نب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کے 100 انڈیکس میں آج کاروباری روز کے دوران تیزی کا رجحان جاری رہا اور 103.46 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جو کہ 0.23 فیصد کی مثبت تبدیلی سے گزشتہ کاروباری روز 45,650.06 پوائنٹس کے مقابلے 45,753.52 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں 319 کمپنیوں نے اپنے حصص کا لین دین کیا۔ ان میں سے 176 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 109 میں مسلسل کمی جبکہ 34 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں:حکومت نے گولڈ مافیا کے خلاف ڈنڈا اُٹھالیا
پاک سروسز نے سب سے زیادہ 49.98 روپے فی حصص کی قیمت میں اضافہ دیکھا، جو 719.98 روپے پر بند ہوا، جب کہ دوسرے نمبر پر محمود ٹیکسٹائل رہا جس کی فی حصص قیمت 40.50 روپے اضافے کے ساتھ 580.50 روپے ہوگئی۔