کراچی میں بارش برسنے والی ہے؟ محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سندھ میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لینے کی تیاری کرلی ہے۔ محکمہ موسمیات نے صوبے کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کراچی میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق منگل کو سندھ کے کئی علاقوں میں کہیں درمیانی اور کہیں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کراچی ڈویژن میں بھی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی راجستھان اور ملحقہ گجرات کے علاقوں پر موجود مون سون کا کم دباؤ اب کَچھ اور ملحقہ بحیرہ عرب کے علاقے میں منتقل ہوگیا ہے۔ موسمی نظام کے مزید مغرب، جنوب مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔

موسمی نظام کے زیرِ اثر آج سندھ کے مختلف اضلاع بدین، ٹھٹھہ، سجاول، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا موسم زیادہ تر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو موسم میں ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Posts