لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کو کوئی خطرہ نہیں، ایونٹ جاری رہے گا۔
گزشتہ روز کراچی میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ ہواتھا جس کے بعد یہ تشویش ظاہرکی جارہی تھی کہ شاید پی ایس ایل کے کراچی میں ہونے والے میچز ملتوی ہوجائینگے، تاہم نجم سیٹھی نےٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ پی ایس ایل جاری رہےگی، پی ایس ایل کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی نےکہا ہے کہ وہ صرف سٹیٹ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو ٹارگٹ کرے گی، ان کہنا ہے کہ معاہدوں کو توڑا گیا ہے اس لیے ٹارگٹ کریں گے۔
ملتان سلطانز نے زلمی کو 56 رنز سے شکست دےدی
واضح رہے کہ نجم سیٹھی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی یہ ٹوئٹ اب ڈیلیٹ کردی گئی ہے جس کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں سکیورٹی صورتحال سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائز مالکان کا اجلاس ہوا جس میں اتفاق کیا گیا کہ واقعےکا براہ راست پاکستان سپرلیگ سے کوئی تعلق نہیں۔
فرنچائز مالکان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 8 کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان آج میچ بھی کراچی میں کھیلا جائے گا۔