اسلام آباد:ڈی چوک پر طلبہ نے احتجاجی مظاہرے کے دوران سڑک کو بلاک کردیا، طلباء کے مطابق جب تک وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود مذاکرات نہیں کرتے تب تک ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
طلباء کا احتجاج کے دوران کہنا تھا کہ ہمارے امتحانات منسوخ کیے جائیں، بغیر امتحان لیے ہمیں اگلی کلاسز میں پرموٹ کیا جائے،ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احتجاجی طلبہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی تینوں لہروں کے دوران ہمیں پڑھایا نہیں گیا۔
اب ہم سے امتحانات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جب ہم نے پڑھا ہی نہیں امتحان کس چیز کا دیں ہمارا پر امن احتجاج تھا لیکن پولیس نے ہم پر لاٹھی چارج کیا ہم پہلے پریس کلب کے باہر مظاہرہ کر رہے تھے وہاں پر پولیس نے ہمارے 15 سے زائد طلبہ کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم نے مجبور ہوکر چائنا چوک ڈی چوک پر دھرنا دیا ہے،ہمارے مطالبات بالکل جائز ہیں،ہم نے متعدد بار کہا کہ ہماری امتحانات کی بالکل بھی تیاری نہیں ہمیں سمجھ نہیں آرہی کہ جب کالج بند تھے تو پڑھائی ہوئی نہیں تو امتحان کیوں دیں۔
انہوں نے کہا کہ سلیبس مکمل نہیں کرایا گیا اور ایمرجنسی میں ڈیٹ شیٹ ہمارے ہاتھوں میں تھما دی گئی ہے،جبکہ احتجاج کرنے والے طلباء کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاؤس جانے والی روڈ کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔