کراچی: آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن(ایکرا)کے جنرل سیکریٹری فیضان راوت نے ان ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت دینے پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے کراچی سمیت ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور عوام جلد از جلد کورونا کے خوف سے باہر آسکیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایکرا کے چیئرمین اسد حنیف اور وائس چیئرمین عمران شیخ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تاجروں کی یکجہتی وکاوشیں رنگ لے آئیں، کاروبار کی اجازت میں نرمی پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں، تاجر ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھیں، خریدار دکانداروں سے مکمل تعاون کریں۔
فیضان راوت نے بتایا کہ سند ھ حکومت کی جانب سے جاری نئے نوٹی فکیشن کے مطابق ان ڈور ڈائننگ کو رات 12 بجے تک گنجائش کے 50 فیصد پر جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ مہمانوں کے لیے ویکسی نیشن کارڈ ساتھ رکھنا لازمی قرار دیا گیاہے،اس کے علاوہ ٹیک اوے، ڈرائیو تھو سمیت ہوم ڈلیوری کی سروس بدستور 24 گھنٹے جاری رہیں گی۔
فیضان راوت نے کہا کہ تاجروں کی یکجہتی وکاوشیں رنگ لے آئی ہیں،کاروبار کی اجازت میں نرمی پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں، تاجر بھائیوں سے گزارش ہے کہ اب وہ اطمینان کے ساتھ اپنا کاروبار کریں، تاجروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھیں، خریداروں سے درخواست ہے کہ وہ دکانداروں سے مکمل تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیں : سعید غنی محکمہ لیبر میں بھی مزدوروں کے جوتوں کے پیسے بھی کھا چکے ہیں،حلیم عادل شیخ