اسپین کی ٹیم انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر چوتھی بار یورو کپ جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ یہ تاریخی کامیابی اسپین کو جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ملی۔
برلن میں کھیلے گئے یورو کپ کے فائنل میچ کے پہلے ہاف میں اسپین اور انگلینڈ سمیت کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تاہم دوسرے ہاف میں انگلینڈ نے اسپین اور اسپین نے انگلینڈ کے خلاف گول کیلئے حملے تیز کردئیے۔
میچ کے 47ویں منٹ میں نکو ویلیمز کا گول میچ کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوا اور اسپین کو 1 گول کی برتری مل گئی تاہم انگلینڈ کے کول پالمر نے میچ کے 73ویں منٹ میں گول برابر کرکے میچ کو اسی مقام پر پہنچا دیا جہاں سے اس کا آغاز ہوا تھا۔
فائنل میچ کے اختتام سے کچھ دیر قبل مکل اورزیبال نے اسپین کیلئے دوسرا اور فیصلہ کن گول کیا جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم میچ برابر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور اسپین یورو کپ 2024 کا چیمپین بن گیا۔ اسپین کی ٹیم نے سب سے زیادہ یورو کپ اپنے نام کیے۔
یورو کپ جیتنے پر اسپین کے کھلاڑی خوشی سے پاگل ہونے لگے۔ اسپین ٹیم کے مداحوں نے گراونڈ، سڑکوں اور اسپین کی گلی گلی میں جشن منایا۔ انگلینڈ کی ٹیم فائنل میچ میں مسلسل 2 بار ہارنے والی پہلی ٹیم بن چکی ہے۔ اسپین اس سے قبل 1964، 2008 اور 2012 میں چیمپین بن چکا ہے۔