سندھ رینجرز کی گڈاپ ٹاؤن میں کارروائی، 2 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:  پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرکراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد عبدالہادی عرف شیخ عرف عادل عرف بشیر اور اختر غنی کو گرفتار کرلیا ہے۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پاکستان رینجرز ( سندھ ) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزمان حزب الاحرار تحریک طالبان پاکستان کے سرگرم رکن ہیں اور کراچی میں بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان نے 27 فروری 2021 کو تھانہ سہراب گوٹھ کے علاقہ میں اختر منیر ولد رحمت شاہ نامی کاروباری شخصیت سے 50 لاکھ روپے بھتہ کی ڈیمانڈ کی تھی اور بھتہ نہ دینے پر تاجر اختر منیر کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔

رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان گڈاپ ٹاؤن کے علاقے میں متعدد کاروباری حضرات کو بھتہ کی ڈیمانڈ سمیت متعدد ڈکیتی راہزنی کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

سندھ رینجرز کے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

رینجرز حکام نے عوام سے اپیل ہے کہ شرپسند عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

Related Posts