کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور منی لانڈرنگ سے متعلق ریفرنس میں شرجیل میمن و دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے دلائل طلب کرلیئے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور منی لانڈرنگ سے متعلق نیب ریفرنس میں شرجیل میمن و دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
تفتیشی افسر نے شرجیل میمن و دیگر کیخلاف ریفرنس کی تفصیلات پیش کردیں۔ ریفرنس میں شرجیل میمن سمیت 12 ملزمان نامزد کیئے گئے ہیں۔
ریفرنس میں شرجیل میمن کی اہلیہ صدف شرجیل اور والدہ زینت انعام میمن کو بطور ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔دیگر ملزمان میں ذیشان، اظہار حسین، محمد سہیل، سیف اللہ لوہار، آغا احسن، شوکت علی تھیبو، وسیم اختر تھیبو اور کامران گل شامل ہیں۔
شرجیل میمن، بیگم اور دیگر ملزمان کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ملزمان نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے، جس کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ ملزمان پر 2 ارب 27 کروڑ اور 9 لاکھ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کردی