کراچی: پاک سرزمین کے سربراہ اور سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے سندھ حکومت سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچرا اٹھانے اور اس کی مشینری کے حوالے سے تمام تر ذمہ داری میئر کراچی اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے جبکہ میئر کراچی یہ ذمہ داری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ پر ڈالتے ہیں۔انہوں نے شہر کو صاف کرنے کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ کراچی میں لاجسٹکس مجھے دے دیں، انہی وسائل کے ساتھ 3 ماہ میں شہر کی صفائی کر سکتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے گاڑیاں خریدنے اور ملازمتوں پر پابندی عائد کردی
سابق میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت اگر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہی ختم کر دے تو میئر کراچی کچرا نہ اٹھانے کا کوئی جواز پیش نہیں کرسکیں گے کیونکہ کراچی میں صفائی کی ذمہ داری انہوں نے لے رکھی ہے۔کراچی کے لیے میئر کراچی کو دئیے گئے 69 ارب روپے کہاں گئے۔میئر کراچی کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ 8000 سے زائد صفائی کا عملہ کہیں نظر نہیں آتا۔ کروڑوں کی تنخواہیں کھانے والے گھروں میں سکون سے بیٹھے ہوئے ہیں۔ میں نے تیس ہزار کروڑ خرچ کرکے کوئی حرام نہیں کمایا۔
صفائی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میئر کراچی صرف نالے اور آلائشوں کی ذمہ داری لے لیں، اگر کام کا رُخ درست نہیں کیا جائے گا تو کسی کو بھی بلانے سے شہر میں صفائی ممکن نہیں۔
میئر کراچی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وسیم اختر کو لندن کا میئر بنا دیجئے تو وہ بھی صاف نہیں رہے گا بلکہ وہاں بھی کچرے کے ڈھیر لگ جائیں گے۔
کلیکشن پوائنٹس کی تجویز دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہر میں پانچ گاربیج کلیکشن پوائنٹس سے صفائی کے مسئلے کو حل کرنے میں آسانی ہوگی۔ کچرے کو ری سائیکل بھی کیا جاسکتا ہے۔ کراچی کے لیے 5 گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن فوری بنائے جائیں، گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے لیے وفاقی حکومت رقم فراہم کرے، حکومت سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ختم کرے اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے اختیارات یو سی چیئرمین کو دیئے جائیں۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ہم ہر قدم پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ دُنیا میں کوئی بھی مظلوم کی مدد نہیں کرتا۔ سب اپنے اپنے مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔ پاکستانیوں کو برادر ممالک سے متعلق جتنی بھی خوش فہمیاں تھیں، سب دور ہوچکی ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہہ چکے ہیں کہ بھارت بڑی تعداد میں فوج کی تعیناتی کے بعد آر ایس ایس کے غنڈوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔انہوں نے گزشتہ روز کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے آئینی ترمیم کے اقدام کے بعد وادی کی صورتحال مخدوش ہے۔بھارت زمینی حقائق تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت کشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈے بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی