سندھ اسمبلی نے کراچی انٹر بورڈ امتحانات کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ کریں گے۔
یہ اقدام بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے اور جلد ہی تعلیمی بورڈز کے اہل چیئرمین کی تقرری کو یقینی بنانے کی یقین دہانی وزیر برائے پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار نے اسمبلی میں کرائی۔
کراچی میں پہلے سال کے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج میں نمایاں کمی نے شہر کے کالج تعلیم کے پورے نظام کی کارکردگی اور معیار پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
کراچی: نجی اسکول کی انتظامیہ کا بچے کے والد اور دادا پر بدترین تشدد
نتائج میں کمی نے کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے معائنہ شعبے کی کارکردگی پر بھی سوالات کھڑے کیے ہیں جو شہر کے سرکاری اور نجی کالجز کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔
اس سے قبل اسلامی جمعیت طلبہ نے کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے پہلے سال کے نتائج کے لیے اسکرونٹی فیس کی مکمل معافی کا مطالبہ کیا تھا۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے بیان کے مطابق کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے پہلے سال کے نتائج کا پاس تناسب صرف 33 فیصد ہے جبکہ سندھ کے دیگر بورڈز میں یہ شرح 80 فیصد سے زائد ہے۔