مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کے لیے آج چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی صدارت میں شہر قائد میں ہوگا۔
ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی اجلاس نمازِ عصر کے بعد محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا جس کے بعد چیئرمین کمیٹی مفتی منیب الرحمان چاند نظر آنے یا نہ آ نے کا اعلان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کی سربراہی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔اسد عمر
رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس لاہور ، کوئٹہ اور پشاور میں بھی ہوں گے جن میں جید علمائے دین کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج ربیع الاوّل کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات کی پیشگوئی کی ہے، چاند نظر آنے کی صورت میں 10 نومبر بروز اتوار کو عید میلاد النبی ﷺ منائے جانے کا امکان ہے۔
عید میلاد النبی اسلام کا خاص تہوار ہے جو ربیع الاوّل میں منایا جاتا ہے۔ اسلامی روایات کے مطابق ربیع الاوّل کی 12 تاریخ کو ہمارے نبی ﷺ دُنیا میں تشریف لائے اور مدینہ کو اسلامی فلاحی ریاست بنا کر اسلام کا عملی نمونہ پیش کیا۔
مسلمانوں کے لیے نبی مکرم ﷺ کی حیات مشعلِ راہ ہے جبکہ مسلمانوں کی سب سے مقدس مذہبی کتاب قرآن مجید میں بھی ہمیں تقلید سنت کی تاکید ملتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے نامور علمائے دین مفتی تقی عثمانی اور مفتی رفیع عثمانی نے ملاقات کی اور مسئلۂ کشمیر اقوامِ عالم میں اُجاگر کرنے پر ان کے کردار کی تعریف کی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کے مطابق 4 روز قبل وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ممتاز علمائے دین سے ہونے والی ملاقات کے دوران بین الاقوامی امور اور مسلم امت کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم سے مفتی تقی عثمانی کی ملاقات، دینی و بین الاقوامی معاملات پر گفتگو