سینیٹر حمد اللہ کی شہریت بحال، ٹی وی چینل جانے پر عائد پابندی بھی ختم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سینیٹر حمد اللہ کی شہریت بحال، ٹی وی چینل جانے پر عائد پابندی بھی ختم
سینیٹر حمد اللہ کی شہریت بحال، ٹی وی چینل جانے پر عائد پابندی بھی ختم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

عدالت نےسینیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت بحال کردی ہے اور نادرا کی طرف سے شناختی کارڈ منسوخ کرنے کے حکم کو معطل کرتے ہوئے 14 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے  اپنے آرڈر میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ریکارڈ کے مطابق سینیٹر حمد اللہ غیر ملکی ہیں، اس لیے ان کی شہریت منسوخ کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کے کیس کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے سماعت کی جبکہ سینیٹر حمد اللہ کی طرف سے وکیل صفائی عدالت میں پیش ہوئے۔

سینیٹر حافظ حمد اللہ کی طرف سے عدالت کو دی گئی درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزارتِ داخلہ کو عدالت کا فیصلہ آنے تک ان کے خلاف مزید کسی بھی کارروائی سے روکا جائے اور نادرا کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔ 

حافظ حمد اللہ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حمد اللہ 6 بار الیکشن لڑکر کامیابی حاصل کرچکے ہیں  اور صوبائی اسمبلی کے ممبر بھی رہے ہیں، جبکہ سینیٹر صاحب کا ایک بیٹا پاک فوج میں بھی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ قومی سطح پر الیکشن لڑ کر کامیاب ہونے والے شخص کا شناختی کارڈ کس نے بند کیا؟ انہیں بتایا گیا کہ نادرا حکام کی طرف سے نوٹس دیا گیا تھا، جبکہ پورے خاندان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ موجود ہیں۔

معزز جج اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے نادرا حکام سے سوال کیا کہ کہ ملک کے لیے اپنے بیٹے کو پیش کرنے والا شخص محبّ وطن کیسے نہیں؟ نادرا کا یہ دائرۂ کار نہیں کہ کسی کی شہریت پر سوال اُٹھائے۔ 

نادرا کی طرف سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا گیا کہ یہ آج کا مسئلہ نہیں، دسمبر 2018ء میں حافظ حمد اللہ کو لیٹر لکھا گیا کہ آپ کی شہریت پاکستان کی نہیں ہے اور بلاک کیا گیا۔ 

نادرا حکام کے مطابق حافظ حمد اللہ کمیٹی میں پیش ہوئے اور طلب کردہ دستاویزات پیش کیں جن کے غلط ثابت ہونے پر ان کی شہریت معطل کی گئی ہے اور شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا ہے۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نادرا کے حکم کو معطل قرار دیتے ہوئے وفاقی ادارے کو سینیٹر حمداللہ کے خلاف مزید کارروائی روکنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ نادرا حکام 14 روز کے اندر اندر معاملے پر جواب دیں۔

عدالت نے سینیٹر حافظ حمد اللہ کو ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان بلانے پر پابندی بھی معطل کردی اور ریمارکس دئیے کہ پیمرا کی طرف سے یہ حکم دائرہ اختیار سے تجاوز ہے جبکہ ٹی وی چینلز کوصرف وفاقی حکومت یہ حکم جاری کرسکتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جے یو آئی (ف) کے اہم رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیدیا۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے 3 روز قبل  جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نادرا نے جمعیت علما اسلام (ف) کے سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت ختم کرتے ہوئے انہیں غیر ملکی شہری قرار دے دیا۔

مزید پڑھیں: حافظ حمداللہ غیرملکی قرار، پاکستانی شہریت ختم، قومی شناختی کارڈ منسوخ

Related Posts