کراچی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درجنوں دکانیں سیل، آج 8بجے سے نائٹ لاک ڈاؤن نافذ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درجنوں دکانیں سیل، آج 8بجے سے نائٹ لاک ڈاؤن نافذ
کراچی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درجنوں دکانیں سیل، آج 8بجے سے نائٹ لاک ڈاؤن نافذ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

شہرِ قائد میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درجنوں دکانیں سیل کردی گئیں جبکہ آج رات 8 بجے سے لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلع جنوبی کے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے درجنوں دکانیں سیل کردیں۔

سندھ پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانوں کو تالے لگائے، صدر کے علاقے میں ہوٹل کا ہال سیل کردیا گیا اور ہال میں جاری شادی کی تقریب روک دی گئی۔

ڈی ایچ اے کے علاقے میں ایک جم، ریسٹورنٹ، ملک شاپ اور گارمنٹس اسٹور بھی سیل کردیا گیا، کراچی کے ضلع ملیر میں بھی مختلف کارروائیاں کی گئیں۔

ملیر کے علاقوں مراد میمن گوٹھ، قائد آباد اور ابراہیم حیدری میں 50سے زائد دکانیں سیل کی گئیں، آج رات 8 بجے سے  شہر بھر میں نائٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے۔ 

صوبائی حکومت نے کورونا ایس او پیز کے تحت لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا، کراچی میں رات 8 بجے کے بعد شہریوں کو بلا ضرورت باہر گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلع وسطی کے مزید علاقوں میں 6 جون تک اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے جن میں گلبرگ، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔

شہریوں کے بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے اور ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔ سیاسی و مذہبی اجتماعات اور کسی قسم کی تقریبات کے انعقاد کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔ عوام کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کورونا ایس او پیز کے تحت کراچی پر عائد پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کورونا ایس او پیز کے تحت گزشتہ روز فیصلہ کیا گیا کہ رات 8 بجے کے بعد کراچی میں شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت کی کہ گاڑیوں میں بھی لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھومنے سے روکا جائے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں رات 8 بجے کے بعد گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد

Related Posts