لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ یہ لوگ چیئرمین سینیٹ تبدیل نہیں کرسکے، وزیراعظم کیسے تبدیل کریں گے؟جن کے گھر سے14ووٹ کم آئے ہوں وہ تبدیلی خاک لائیں گے،مجرم نوازشریف باہر جاسکتا ہے تو ملزم آصف زرداری کو بھی جانا چاہیے، شہبازشریف نے جس دن سچ بولا ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔
روفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور واہگہ شٹل ٹرین 14 دسمبر سے چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریلوے کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، تاریخ میں پہلی بار ریلوے مسافر میں اضافہ ہوا ہے ،پاکستان میں مسافرٹرینیں منافع میں جارہی ہیں،میں نے 4آنے خرچ نہیں کیے اورریلوے کو نفع دیا۔
انہوں نے کہاکہ ایم ایل ون سے ایک لاکھ افراد کو روزگارملے گا،ایم ایل ون کا1872کلومیٹرتک نیا ٹریک ہوگا،ایم ایل ون کے ٹریک میں کوئی پھاٹک نہیں ہوگی۔ریلوے خسارے کو تین سال میں ختم کر دیں گے۔انہوں نے کہاکہ فریٹ ٹرینوں کا 10 فیصد کرایہ کم کر رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف نواز شریف کیساتھ بطور ٹوکن گئے ہیں،شہبازشریف جب لندن جاتے ہیں توکوئی نیا شگوفہ کھلاتے ہیں، شہبازشریف نے جس دن سچ بولا ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔
شیخ رشید نے کہاکہ اگر مجرم نواز شریف باہر جاسکتا ہے تو ملزم آصف زرداری کو بھی حق حاصل ہے، فضل الرحمان تین سال بعد والے دسمبر کی بات کر رہے ہیں، سال بھی بتائیں، دسمبر2019فضل الرحمان کے دیکھتے دیکھتے گزر جائیگااورجس کو شوق ہے وہ تحریک عدم اعتماد لے آئے۔
وزیر ریلوے نے کہاکہ آپ مطالبہ کرتے ہیں الیکشن کمیشن شفاف ہونا چاہیے توپھر کیوں اپنی پسند کا جج لگواتے ہیں، اتفاق رائے سے الیکشن کمشنر لگوایاپھر 2018الیکشن کے نتائج کیوں نہ تسلیم کیے گئے؟ہمیں من پسند نہیں،اچھا جج لگانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے فیصلے عدالتیں کرنے لگیں تووہ دن بھی آئیگا کہ عدالتیں ہی پارلیمنٹ کافیصلہ کرینگی۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور شہبازشریف کی واپسی میں تاخیر دیکھ رہا ہوں،یہ لوگ چیئرمین سینیٹ تبدیل نہیں کرسکے،وزیراعظم کیسے تبدیل کریں گے؟۔
یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف کے اثاثوں میں 10 سال کے دوران 70 گنا اضافہ ہوا، شہزاد اکبر