ہاکی کے کھیل میں خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت حوصلہ افزاء ہے، شہلا رضا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ہاکی کے کھیل میں خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت حوصلہ افزاء تھی، شہلا رضا
ہاکی کے کھیل میں خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت حوصلہ افزاء تھی، شہلا رضا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:  صوبائی وزیر ترقئ نسواں سندھ و جنرل مینیجر وومن ہاکی ایسوسی ایشن سندھ و چئیرپرسن کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ سکھر میں ہونے والا فرسٹ آل سندھ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو وومنز ہاکی گولڈ کپ امید سے زیادہ کامیاب رہا جبکہ ہاکی میں خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت حوصلہ افزاء تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے عید الفطر کے بعد مزید لڑکے اور لڑکیوں کے ہاکی ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گی جس سے قبل کالجز و جامعات کی سطح پر کیمپس لگائے جائیں گے اور ٹیسٹ میچز بھی کروائے جائیں گے.

ان خیالات کا اظہار شہلا رضا نے اپنے دفتر میں فرسٹ آل سندھ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو وومنز ہاکی گولڈ کپ کی ٹیموں کو اعزازی چیک کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر سیکریٹری اسپورٹس و یوتھ افئیرز سندھ امتیاز علی شاہ, ڈائریکٹر ایڈمن پاکستان ہاکی فیڈریشن محمد جنید, پاکستان ہاکی ایسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹر حیدر حسین, صدر سکھر ہاکی ایسوسی ایشن عارف محمود, میرپور خاص کے کوچ انوار الحق, مہران ہاکی کلب ٹنڈوجام کے سیکریٹری اختر خانزادہ, ضلع بےنظیرآباد کے نمائندے سید حسن عسکری و دیگر ٹیم آفیشلز بھی موجود تھے.

صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ ہم پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے اپنی کوشش کررہے ہیں. انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی و عدم دلچسپی کے باعث آج ہاکی زوال کا شکار ہے یہاں تک کہ دنیائے ہاکی میں اس وقت ہمارا 17 واں نمبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی ہاکی اس وقت کے اعتبار سے بھاری فنڈ دیا تھا تاکہ ہاکی پروان چڑھے۔شہلا رضا نے ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی کراچی کی ٹیم کو دو لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے جبکہ ٹورنامنٹ میں شامل باقی ٹیموں کو سندھ حکومت اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے 25، 25 ہزار روپے نقد دیے۔

رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا نے ڈائریکٹر اسپورٹس پاکستان آرمی برگیڈئیر ظہیر اختر کی جانب سے بھجوائی گئیں 20 ہاکی اسٹک فی ٹیم بطور تحفہ بھی تقسیم کیں. ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز کراچی کی شازمہ نسیم نے حاصل کیا جنہیں 5 ہزار روپے کا چیک پیش کیا گیا۔

Related Posts