صحافیوں پرڈبل سواری کی پابندی پر حکومت سے 30 اپریل تک جواب طلب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

high

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :سندھ ہائیکورٹ نے صحافیوں پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے معاملے پر محکمہ داخلہ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اپریل کو تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔

درخواست گزار صحافی عمیرعلی انجم نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ صحافی ہمیشہ اپنے اداروں کے ساتھ ہراول دستہ کے طور پر کام کرتے ہیں۔

موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی سے صحافی طبقہ بے حد متاثر ہورہا ہے، تاریخ میں پہلی بار حکومت نے پولیس اور صحافیوں پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر صحافی بھی مکمل عملدرآمد کررہے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے ،صحافیوں کو عوام باخبر رکھنے کے لیے ہر صورت باہر نکلنا پڑتا ہے۔

سندھ اسمبلی، سیکریٹریٹ، ہائیکورٹ، پریس کلب پر بھی صحافیوں کا ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد داخلے کی اجازت ہے، ڈبل سواری پر پابندی کی وجہ سے کئی کیمرا مین، فوٹو گرافر، کاپی ایڈیٹرز اور دیگر صحافیوں دفاتر نہیں جا پارہے۔

درخواست گزار عمیرعلی انجم نے عدالت کو بتایا کہ میڈیا بحران کی وجہ سے پہلے ہی کئی صحافی بے روزگار ہوچکے ہیں، ڈبل سواری پر پابندی برقرار رہی تو کئی مزیدصحافی بے روزگار ہوجائیں گے۔

آئینی پٹیشن کی سماعت کرنے والے جج جسٹس محمد علی مظہرنے کہا کہ حکومت نے تمام پرائیویٹ اداروں کو پابند کیا ہے وہ ملازمین کو نہیں نکالیں گے، ہم حکومت سے پوچھ لیتے ہیں وہ صحافیوں کو استثنیٰ دینے کے لیے کیا کرسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: ڈبل سواری پر پابندی سخت، خواتین اور صحافیوں کیلئے استثنیٰ ختم

سندھ ہائیکورٹ نے صحافیوں پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے معاملے پر محکمہ داخلہ ، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرکے 30 اپریل کو تحریری جواب طلب کرلیا ہے ۔

Related Posts