نادر علی ایک سوشل میڈیا شخصیت ہیں جنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز یوٹیوب پرمزاحیہ ویڈیوز بنا کر کیا، جس کو عوام کی بڑی تعداد نے پسند کیا اور وہ پھر دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے سب سے کامیاب یو ٹیوبر بن گئے۔
یوٹیوبر نادرعلی آج کل پوڈکاسٹ کی میزبانی کررہے ہیں جس میں وہ ملک کی مشہور شخصیات کو دعوت دیتے ہیں۔ تاہم ، حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کی وجہ سے انھیں سوشل میڈیا صارفین اور اداکاروں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
گزشتہ دنوں اُن کے پوڈکاسٹ میں اداکار معمرا رانا نے شرکت کی، شو کے دوران نادر علی نے معمررانا کو بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے بارے میں منفی تبصرہ کرنے پر اکسایا، شو کی یہ کلپ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی جس کے بعد انھیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اب اداکار و ہدایت کار شمعون عباسی بھی اس بحث میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر نادر علی کیلئے ایک پیغام شیئر کیا۔
شمعون نے کہا کہ ان کے پاس اس شو میں شرکت نہ کرنے کی معقول وجہ ہے لیکن انہوں نے نادر علی کو چیلنج کیا کہ وہ انہیں کال کریں اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ شو میں شرکت کے لیے پیسے بھی نہیں لیں گے لیکن وہ نادر سے بھی کئی سوالات پوچھنا چاہیں گے۔
واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں، نادر علی اس سے قبل بھی سنیتا مارشل سے ان کے عقیدے کے بارے میں نامناسب سوالات کرچکے ہیں۔