مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہباز شریف نے نواز شریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاج کی بہترین سہولت سابق وزیر اعظم کا حق ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو سابق وزیر اعظم کی صحت پر خدشات سے عدالت کو آگاہ کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار جیبوں کی بجائے خزانہ بھر رہا ہے۔معاونِ خصوصی اطلاعات
قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ نواز شریف کے خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد تشویشناک حد تک کم ہے اور اس کا نہ بڑھنا پریشان کن ہے جبکہ ہم ان کی صحت کے لیے فکر مند ہیں اور آج خصوصی دُعا کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی صحت ہماری اوّلین ترجیح ہے جس کے متعلق ہم کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے لیکن حکومتی عہدیدار غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر اور مشیر انتہائی نامناسب بیان دے کر بیماریوں اور رنج کا مذاق اڑانے کے مرتکب ہو رہے ہیں، یہ بات کبھی نہ بھولیں کہ وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا بلکہ بدلتا بھی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف بھی عدالت میں پیش ہوئے تاہم عدالت نے حاضری کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی۔
احتساب عدالت جج امجد نذیر خان نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کی جبکہ عدالت کے روبرو اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ جھوٹا ترین کیس ہے، اس طرح کے کیسز بناکر قوم کا وقت اور پیسہ ضائع کیا جارہاہے۔
مزید پڑھیں: آشیانہ ہاؤ سنگ اسکینڈل: سماعت 12نومبر تک ملتوی ،شہباز شریف کوحاضری کے بعد جانے کی اجازت