مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے طلبہ اور نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ وطن عزیز کی سلامتی و دفاع اور کشمیر کی آزادی کے لیے بھی اپنے آپ کو تیار کریں۔
آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے کنووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر اور یونیورسٹی کے چانسلر سردار مسعود خان نے طلبہ کو ملک اور قوم کا مستقبل قرار دیتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ طلبہ تعلیم کی دوڑ میں مقبوضہ کشمیر کو مت بھولیں ۔
بھارت نے جس جنگ کا آغاز کیا وہ مقبوضہ کشمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ بھارتی حکمرانوں نے اسے پورے بھارت میں پھیلا دیا اور اُن کا اگلا ہدف آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور پاکستان ہے۔
بھارت اعلانیہ کہہ رہا ہے وہ آزاد کشمیر پر حملہ کر کے اسے مقبوضہ کشمیر کی طرح اپنی کالونی بنائے گا اور اس مقصد کے لیے وہ جعلی نقشے تیار کر کے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھارت کا حصہ دکھا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو 137ویں روز میں داخل، سردی اور برفباری جاری