کراچی پولیس نے موسیقار سلمان عثمانی کا 2 ماہ قبل چھینا گیا پیانو شہرِ قائد کی ایک میوزک شاپ سے برآمد کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ گبول ٹاؤن نے کارروائی کرتے ہوئے چھینا گیا پیانو برآمد کیا۔ موسیقار سلمان عثمانی سے 2 ماہ قبل ملزمان نے پیانو چھین لیا تھا۔ سلمان عثمانی نے تھانہ گبول ٹاؤن میں رپورٹ درج کرائی تھی۔
ایس ایچ او گبول ٹاؤن نے کراچی بھر کے مختلف کباڑیوں اور میوزک شاپس پر پیانو کی تلاش کی اور دکانداروں سے مسلسل رابطے میں رہے۔ بالآخر محنت رنگ لائی اور کراچی کی ایک میوزک شاپ سے پیانو ریکور کر لیا گیا۔
آج موسیقار سلمان عثمانی کو ایس ایس پی ملک مرتضیٰ نے آفس میں بلا کر پیانو ان کے حوالے کیا۔ خوشی سے سرشار موسیقار سلمان عثمانی نے اس موقعے پر اپنے فن کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔
موسیقار سلمان عثمانی کا کہنا ہے کہ یہ پیانو میری روزی روٹی کا واحد ذریعہ تھا جو بیرونِ ملک سے کافی اخراجات کرکے منگوایا گیا۔ پیانو چھن جانے کے بعد میں شدید پریشانی اور ذہنی دباؤ کا شکار رہا۔ سلمان عثمانی نے کراچی پولیس کا بہت شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بابر خان کی قبضہ مافیا سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل