بالی ووڈ انڈسٹری کے مشہورومعروف اداکار سلمان خان اور کترینہ کیف نے ترکی کے شہر استنبول میں اپنی نئی فلم ٹائیگر 3 کی شوتنگ کے دوران ترک وزیرِ ثقافت و سیاحت مہمت نوری سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان خان اور کترینہ کیف اپنی نئی فلم ٹائیگر 3 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو استنبول میں جاری ہے۔ اس دوران سوشل میڈیا پر دونوں فنکاروں اور ترک وزیر کی جانب سے ملاقات کی تصاویر شیئر کی گئیں۔
ٹائیگر 3 کی شوٹننگ میں مصروف سلمان خان اور کترینہ کیف نے اپنی نئی تصاویر جمعے کے روز شیئر کیں جب ان کی ملاقات ترک وزیر سے ہوئی۔ ترک وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری بالی ووڈ کے مشہور فنکار سلمان خان اور کترینہ کیف سے ملاقات ہوئی ہے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ترک وزیرِ ثقافت نے ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان اور کترینہ اپنے نئے پراجیکٹ کی شوٹنگ کیلئے ترکی میں ہیں اور ہمارا ملک اسی طرح بہت سے بین الاقوامی سینما پراجیکٹس کی میزبانی کرتا رہے گا۔
تصاویر میں بھارتی اداکار سلمان خان کو سیاہ جبکہ کترینہ کو ہلکے براؤن رنگ کے لباس اور بلیک پینٹ میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے۔ایک تصویر میں سلمان خان کورونا ایس او پیز کے پیشِ نظر ترک وزیر سے ہاتھ کی بجائے مکا ملاتے نظر آئے۔
گزشتہ ماہ 20 اگست کے روز سلمان خان اور کترینہ کیف کو ممبئی ائیرپورٹ پر دیکھا گیا جہاں سے وہ روس کیلئے روانہ ہوئے جس کے بعد روس میں قائم ٹائیگر 3 کے سیٹس سے سلمان خان کی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیل گئیں۔
یش راج فلمز کی پروڈکشن ٹائیگر 3 کی شوٹنگ ترکی اور روس کے علاوہ آسٹریا میں بھی کی جائے گی۔ ٹائیگر سیریز کی ماضی کی فلموں کی طرح ٹائیگر 3 میں بھی سلمان خان راء جبکہ کترینہ کیف آئی ایس آئی ایجنٹ کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ریسنگ کار پر ندا یاسر کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا صارفین کی تنقید